اشتہار

احمد کثیر الفرمانی اور جون ہیڈلے کا قصّہ

اشتہار

حیرت انگیز

اگر آپ بحری سفر پر روانہ ہوں اور ساحل سے بہت دور کھلے سمندر میں نکل جائیں تو کسی جگہ اپنا محل وقوع کیسے معلوم کریں گے؟ آپ کیسے پتا لگائیں گے کہ آپ کہاں ہیں؟ پرانے زمانے میں اندازہ لگانے کے سوا اس کا کوئی ذریعہ نہ تھا لیکن اب یہ بات نہیں۔

اس مقصد کے لیے ۱۷۳۱ء میں ایک انگریز نے ایک اہم چیز ایجاد کی۔ اس موجد کا نام جون ہیڈلے تھا اور ایجاد تھی سیکسٹنٹ۔ یہ ایک ایسا آلہ تھا جس کی مدد سے کوئی بھی ملّاح افق پر کسی ستارے یا سورج کا زاویہ معلوم کر کے اپنا محل وقوع بحال سکتا تھا۔ اس کام میں وہ ایک جدول یا کتاب سے مدد لیتا تھا جس میں مختلف فارمولے ہوتے تھے۔

حقیقت یہ ہے کہ اسلامی دور کے ایک ممتاز سائنس داں، احمد کثیر الفرمانی اور ان کے ہم عصر موسیٰ بن شاکر کے تین بیٹوں نے اب سے گیارہ سو سال پہلے زمین کا گھیر ناپنے کے لیے اصطرلاب اور سدس یعنی سیکسٹنٹ SEXTANT ایجاد کر لیے تھے۔ انھوں نے قطب تارے کی بلندی کے ذریعہ سے زمین کا محیط ناپا اور اس کی بلندی درجوں میں معلوم کی، لیکن یہ آلات آج کے آلات سے مختلف تھے جس طرح کہ وہ حالات مختلف تھے جن میں ان مسلمان سائنس دانوں نے کام کیا تھا۔

جون ہیڈلے کی یہ ایجاد نہایت اہم ثابت ہوئی لیکن اس میں ابھی کچھ کمی تھی۔ ملّاح کو اپنی صحیح پوزیشن معلوم کرنے کے لیے یہ معلوم کرنا ضروری تھا کہ اس وقت انگلستان میں کیا بجا ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ جیسے جیسے ہم ایک ملک سے دوسرے ملک کا سفر کرتے ہیں، ہر جگہ وقت بدلتا جاتا ہے۔ اُس وقت کوئی گھڑی اتنی اچھی یا صحیح نہ تھی جو وقت کا یہ فرق ٹھیک ٹھیک ظاہر کر سکے۔ اس مقصد کے لیے خاص قسم کی گھڑی درکار تھی۔

یہ مسئلہ ایک اور انگریز موجد نے حل کیا جس کا نام جون ہیریسن تھا۔ اس نے ایک نہایت اچھی اور صحیح گھڑی بنانے میں کئی سال صرف کیے جس کا نام کرونو میٹر پڑا۔ ۱۷۶۱ء میں ہیریسن نے اپنی چوتھی گھڑی اپنے بیٹے کو دے کر اسے چھے مہینے کے بحری سفر پر روانہ کیا تاکہ وہ اس گھڑی کو جانچ سکے۔ جب وہ جمیکا پہنچا تو اس گھڑی میں صرف پانچ سیکنڈ کی غلطی پائی گئی۔ ہیریسن کو حکومت نے اس قابلِ قدر ایجاد پر بیس ہزار پونڈ کا انعام عطا کیا۔

گرونو میٹر گرین وچ ٹائم بالکل صحیح بتا سکتا تھا۔ اس کی مدد سے ملّاح کھلے سمندر پر کہیں بھی سیکسٹنٹ استعمال کرکے اپنا محل وقوع معلوم کر سکتے تھے۔

(علی ناصر زیدی کی سائنسی ایجادات پر مبنی معلوماتی کتاب سے ایک تحریر)

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں