کراچی : مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان نے جیل انتظامیہ پر پیسے لینےکا الزام عائد کرتے ہوئے کہا پیشی پر پیش کرنےکےبھی پیسے مانگے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت دیگر 6 مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں ملزم ارمغان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
دورانِ سماعت ملزم ارمغان نے جیل انتظامیہ پر پیسے لینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں ہر چیز کے لیے رقم طلب کی جاتی ہے، حتیٰ کہ پیشی پر عدالت لانے کے لیے بھی پیسے مانگے جاتے ہیں۔
سماعت کے موقع پر ملزم کی والدہ جذباتی ہوگئیں اور ارمغان سے سوال کیا کہ "کیا ہم تمہارے پیسوں کی لالچ میں آتے ہیں؟” جس پر ملزم نے جواب دیا کہ "ماں اور وکیل کو پیسوں کی لالچ نہیں۔”
ارمغان نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت کے دوران اس کی بات کو غلط سمجھا گیا تھا۔
ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے والدہ اور وکیل کے حوالے سے پیسوں کی بات نہیں کی تھی بلکہ جیل انتظامیہ کے بارے میں گفتگو کر رہا تھا۔
ملزم کے وکیل خرم عباس ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کی منتقلی کی درخواست پر حکم نامہ جاری کیا جائے۔
عدالت نے دلائل اور پیش رفت سننے کے بعد ارمغان کے خلاف مقدمات کی مزید سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی۔


