میرپورخاص: پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء اورکراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر پتھراؤ کرنے والے بے قصورہیں، انہیں اکسایا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے عوام میں نفرتیں پیدا ہوتی ہیں۔
کراچی کے سابق سٹی ناظم نے کہا کہ ایک شخص کی بات کو قومیت کی بات سمجھا گیا، اپیل کرتا ہوں کہ الطاف حسین کی باتوں سنجیدگی سےنہ لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم کے قائد پہلے صرف رات میں نشے میں ہوتے تھے لیکن اب کسی نہ ان کو کولرتحفے میں دے دیا ہے جس کو وہ بھرکررکھتے ہیں کہ باربار زحمت نا کرنا پڑے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی بنے محض آٹھ دن ہوئے ہیں اس کے باوجود ہمارے لوگوں کو جوش و جذبہ دیدنی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے گزشتہ روز اپنی ریلی پر پتھرمارنے والوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ان کا کوئی قصور نہیں ہے، جب سے ہم نے میرپورخاص آنے کا اعلان کیا ہے، ایم کیوایم کے قائد مقامی کارکنان کوجذباتی بنیادوں پربلیک میل کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری باتیں سن کروہ مائیں ہم سے رجوع کررہی ہیں جن کے بچے ایم کیو ایم سے وابستگی کے سبب لاپتہ ہیں۔
مصطفیٰ کمال پاک سرزمین پارٹی کی تنظیم سازی کےلئے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میرپور خاص کے دورے پرہیں۔
گزشتہ روز ریلی کے دوران ایم کیو ایم اورپاک سرزمین کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں مصطفیٰ کمال کی ریلی پرپتھراؤ بھی کیا گیا۔