کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ طلبا ہماری پارٹی میں ہر اول دستہ ہیں اور مستقبل میں انہوں نے ہی جماعت کے مقصد کو آگے لے کر چلنا ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پاک سرزمین پارٹی اسٹوڈنٹ فیڈریشن آف پاکستان کی 34 رکنی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک و قوم کی کامیابی میں طلبا کا کردار ہمیشہ سے ہی اہم رہا ہے کیونکہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہوتی ہے۔
انہوں نے ایم کیو ایم قائد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنے سابقہ لیڈر کی طرح ہمیشہ عہدے سے چمٹ کررہنا نہیں چاہتے ، متحدہ قیات کو آئین میں ترمیم کر کے قائد کو ہی پارٹی سے الگ کرنا پڑا کیونکہ وہ یہ نشست چھوڑنا نہیں چاہتے تھے‘‘۔
اس موقع پر پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ نے سٹوڈنٹ فیڈریشن آف پاکستان کے قیام کا اعلان کیا جو 34 افراد پر مشتمل ہے، طلبا تنظیم کی سربراہی توصیف اعجاز جبکہ منیب التوحید کو سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سنیئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ ہم آج کے دن سانحہ آرمی پبلک اسکول کےشہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج کے دن ہی اسٹوڈنٹ فیڈریشن قیام کا مقصد طلبا اے پی ایس کے طلبا کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طلبا تنظیم ہر اول دستہ ثابت ہوگی، ہم طلبا کو دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح دست و گریباں ہونے کا درس نہیں دے رہے بلکہ طلبا میں تعلیم کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ آنے والی قیادت تعلیمی یافتہ طبقے سے آئے۔