کرا چی : پاکستان سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کا کارنامہ ہے کہ بانی ایم کیوایم کی آواز کوئی نہیں سنتا، پاکستان کےچاہنےوالوں نےایک پرچم بھی نہیں جلایا۔
یہ بات انہوں نے پاکستان ہاؤس کراچی میں پی ایس پی میں دیگرسیاسی جماعتوں کےذمہ داروں اورکارکنان کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس پی میں 1900سے زائد مختلف جماعتوں کے ذمہ داروں اور کارکنان نے شمولیت اختیارکی، پی ایس پی میں شامل919افراد کا تعلق ایم کیوایم پاکستان سے ہے جبکہ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن سمیت دیگرپارٹیوں کے کارکنان بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شمولیت صرف ڈیڑھ سال پرانی پارٹی میں ہورہی ہے، یہ شمولیت ہماری ترقی کی طرف رفتار کی نشاندہی کرتی ہے، میری دعا ہے کہ میرے تمام کارکنان نیک مقصد پرقائم رہیں۔
چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال پہلے آواز اٹھانے پرگولی ماردی جاتی تھی مگر اب خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پوچھا جاتا تھا آپ اپنے گھر سے کیسے نکلو گے ؟ ہم نے جواب دیا کوئی جرم نہیں کیا، اللہ ہماری حفاظت کریگا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی کا ہی کارنامہ ہے کہ اب بانی ایم کیوایم کی آواز پر کوئی لبیک نہیں کہتا، بانی ایم کیوایم پرچم جلانے کا مطالبہ کرتا ہے تو محب وطن پاکستانی قومی پرچم تھامتے ہیں۔
پاکستان کےچاہنے والوں نے ایک پرچم بھی نہیں جلایا، پرچم کی حرمت برقرار رکھنےکیلئے ہم نےجانیں دی ہیں، ہمیں مجرم قراردینے والے وزیراعظم کو مجرم قرار دے دیا گیا، شہبازشریف پر14افراد کے قتل کی رپورٹ آنے والی ہے۔