تازہ ترین

فوارہ چوک اجتماع کو دھرنے میں تبدیل کریں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی: پاکستان قومی موؤمنٹ ( ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے 12 فروری کو فوارہ چوک پر اجتماع کو دھرنے میں تبدیل کریں گے۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم کی جانب سے بارہ فروری کو عظیم الشان اجتماع اور دھرنا ہوگا، دھرنا دینا ایم کیو ایم پاکستان کا آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دھرنا دینے کی وجہ یہ ہے کہ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن ہماری بات نہیں سن رہی، ایم کیوایم کے مطالبہ پر ایک خط کے ذریعے سندھ حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا لیکن الیکشن کمیشن نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے الیکشن کرادیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کوئی اختیار نہیں کہ وہ خط کی مخالفت کرے، الیکشن کمیشن کو اس بات کو مان لینا چاہیے تھی، لیکن کمیشن نے سندھ حکومت کی بات نہ مان کر غیرقانونی کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے الیکشن کا بائیکاٹ صرف اس لئے کیا کہ ایک خط کے ذریعے صوبائی حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کی، صوبائی حکومت کی غلطی تسلیم کرنے کی بعد بھی الیکشن میں جانے والی پارٹیوں نے کراچی کے پیٹھ ہر چھرا گھونپا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں نے شہر کے ساتھ دغا کیا، اگروہ مزید 30 روزرک جاتے تو کراچی کو ایک نئے شہر کے برابر اختیارات اور وسائل مل جاتے، 53 یونین کونسلوں سے پورا شہر بنتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کی مسائل عروج پر پہنچ چکے ہیں، 15 سالوں میں8 پنک بسیں چلا کرشہر کو جیت نہیں سکتے، شہریوں کا ان کے حصےکاپانی چوری کر کے بیچا جاتا ہے، اس ظلم پر خاموش رہ کرگناہ گار مرنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے مسائل پر توجہ نہ دئ گئی تو یہ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ بن جائے گا، ہم اپنے لئے جدوجہد کرکے مرنا چاہتے ہیں، سڑکوں پر آکر حقوق کےلیے مرنا چاہتے ہیں، ہماری بات نہیں مانی گئی تو لامحدود دنوں تک فوارہ چوک پربیٹھ جائیں گے۔

Comments

- Advertisement -
  • ٹیگز
  • -