جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

پاکستان کے پانی پر بھارتی قبضہ ناقابلِ قبول ہے، مصطفیٰ کمال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے زائد کے عرصے میں کشمیر میں بھارتی افواج کی پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جارہی ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے عالمی برادری بشمول اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مظلوم کشمیری پچھلی کئی دہائیوں سے انصاف کے طالب ہیں, پر امن دنیا اور جنوبی ایشیا میں پر امن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی برادری اور اقوامِ متحدہ کشمیر کے مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

پڑھیں:   بھارت آبی جارحیت پر اتر آیا، ڈاکٹر فاروق ستار

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ ’’پاکستان کے 20کروڑ لوگ اپنے وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کے جذبے سے سرشار اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاہم اگر بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنے کے لیے بھی اُسی کو تیار رہنا ہوگا‘‘۔

مزید پڑھیں:  پاکستان مدد کرے تو خالصتان بناسکتے ہیں، سکھ رہنما امرجیت سنگھ

بھارتی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی آڑ میں پاکستان کے پانی پر اپنا نا جائز قبضہ کرنے کی کوشش کی  تو یہ کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی جنگی جنون سے دونوں ممالک کی عوام کو نقصان ہوگا اس لیے بھارت کو اپنا جنگی رویہ ترک کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آتے ہوئے مسائل کا حل مذاکرات سے نکالنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں مظالم قابلِ مذمت ہیں، ایرانی سفیر

سربراہ پاک سرزمین کا کہنا تھاکہ بھارت کے بڑھتے ہوئے جنگی عزائم اور کشمیری عوام کے ساتھ ناختم ہونے والاظلم اور بر بریت کا سلسلہ خطے میں جنگ کی آگ کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ ایک جانب بھارت نہ صرف کشمیر میں اپنی ہٹ دہرمی پر قائم ہے جبکہ دوسری جانب وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کو فروغ دینے کے لئے براہ راست کلبھوشن یادو کی شکل میں ایجنٹس کے ذریعے بلوچستان، کراچی، فاٹا اورخیبر پختونخواہ میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے کاروائیاں کروا رہا ہے۔

اسے بھی پڑھیں:  کشمیرمیں کرفیو کا 82 واں روز، شہدا کی تعداد 106 ہوگئی

مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی بھارتی حکومت کو یہ واضح پیغام دینا چاہتی ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ، جنگ کے نتیجے میں نقصان دونوں ممالک کی عوام کا ہوگا لیکن اگر بھارت اپنے اس جنگی جنون سے باز نہ آیا اور اس نے کسی بھی طرح سے پاکستان پہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج بھارت کو بھگتنا ہونگے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں