مظفر آباد (31 مئی 2026): جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی مذاکراتی کمیٹی کے مظفر آباد میں مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، کمیٹی نے 9 جون کی ہڑتال برقرار رکھنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ مہاجرین کی نشستیں ختم کی جائیں، رہنما ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہی مذاکرات کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
وفاقی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، 9 جون سے قبل دوبارہ بیٹھک ہوگی، مہاجرین کی نشستوں پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، جس معاملے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو اس پر ضرور غور کرنا چاہیے، مہاجرین کو مائنس کرنے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا۔
رہنما عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے کہا ’’آج سارا دن مذاکرات کے سیشن چلتے رہے، مہاجرین سیٹوں سمیت معاہدہ مظفر آباد پر تفصیلی گفتگو ہوئی، حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کے نمائندگان نے 9 جون کی کال ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن نو جون کی کال برقرار رہے گی۔
گلگت میں انتخابی مہم، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، اسد قیصر
شوکت نواز میر نے کہا ’’جموں و کشمیرجوائنٹ ایکشن کمیٹی مسائل کے حل کے لیے ہر سنجیدہ عمل کا خیر مقدم کرتی ہے، آئندہ بھی ہر سنجیدہ عمل کا خیر مقدم کریں گے۔‘‘
رانا ثنا اللہ نے کہا ’’جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ بڑے اچھے ماحول میں میٹنگ ہوئی، ہم نے انھیں کچھ تجاویز پیش کیں اور ان کی طرف سے بھی تجاویز آئیں، اگلے ہفتے بات چیت کا عمل جاری رہے گا، حکومت آزاد کشمیر اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اس صورت حال پر اے پی سی بلائی جائے گی۔‘‘
رانا ثنا نے کہا ’’تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا، حتمی میٹنگ 6 یا 7 جون کو دوبارہ ہونے کا امکان ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات آئین کے مطابق ہونں گے، تجاویز دونوں اطراف سے آئی ہیں، اے پی سی میں یہ تجاویز رکھی جائیں گی، مشورے کے بعد ہی حتمی رائے دی جائے گی، مذاکرات ناکام نہیں ہیں بلکہ اس پر بات چیت جاری ہے۔‘‘


