ممبئی: بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے کہا ہے کہ میڈم نورجہاں کا انداز بہت پسند تھا اور میں آج تک اپنی اردو بہتر بنانے کے لیے اُن کے گائے ہوئے گیت سنتی ہوں۔
موسیقی کی دنیا میں اپنے 75 سال مکمل ہونے پر لتا منگیشکر نے کہا کہ ’’میوزک انڈسٹری میں حاصل ہونے والی کامیابی کی بڑی وجہ اردو ہے، اس کے بہترین تلفظ کی وجہ سے ہی فلموں میں گائے ہوئے گانوں کے باعث عروج حاصل ہوا‘‘۔
انہوں نے اپنی کامیابی کے راز پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی گلوکارہ میڈم نورجہاں کا انداز، کے ایل سہگل اور موسیقار نوشاد علی کی گائیکی نے ہی مجھے شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، ان لوگوں کے اردو زبان میں گائے ہوئے گیت سننے کے بعد اردو سمجھنے میں کافی مدد ملی۔
پڑھیں: ’’ پینسٹھ کی جنگ میں ملکہ ترنم نورجہاں نے ملّی جذبے کو پروان چڑھایا ‘‘
واضح رہے کہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 1942 سے گلوکاری سے وابستہ ہیں اور کم عمری میں ہی اپنی آواز کا جادو جگانا شروع کیا تھا۔ لیجنڈ گلوکارہ نے اپنی منفرد آواز سے دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل کررکھا ہے اور اُن کے گائے ہوئے کئی گیت آج بھی میوزک کے شوقین افراد کو بے حد پسند ہیں۔