اسلام آباد : 10مئی 2025 کے معرکہ حق میں پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے پاکستانی پائلٹ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں اپنی اہلیہ کے سوال سے متعلق ناظرین سے ایک دلچسپ بات شیئر کی۔
بھارت کے جدید دفاعی نظام ایس 400 کو ناکارہ بنانے والے ایک فضائی آپریشن کی کہانی اُس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں ایک پائلٹ نے بتایا کہ میں نے اپنی اہلیہ سے بھی اس مشن پر جانے سے متعلق کوئی بات نہیں کی تھی۔
پروگرام کے میزبان وسیم بادامی سے گفتگو میں پاکستان ایئر فورس کے پائلٹ ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود (ستارہ جرات) نے بتایا کہ ایس 400 جیسے جدید دفاعی نظام کے خلاف کارروائی انتہائی خفیہ رکھی گئی تھی اور ایئربیس پر بھی صرف چند اعلیٰ افسران ہی اصل مشن سے آگاہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں یہ مشن مکمل کرکے واپس آیا تو ایئر بیس پر بھی کئی لوگ حیران تھے کہ جہازوں پر ہتھیار تک نصب نہیں تھے، اس لیے کسی کو اندازہ نہیں ہو رہا تھا کہ اصل میں ہوا کیا ہے؟۔
ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود نے ہنستے ہوئے بتایا کہ جہاں تک میری اہلیہ کا تعلق ہے، اُنہیں تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ میں کہاں گیا ہوں؟ کیا کر رہا ہوں اور کیا کرکے آیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام کو جب میں گھر پہنچا تو اہلیہ نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ نے مجھے اس مشن کا بتایا کیوں نہیں؟ لوگ گھر آکر مجھے مبارکباد دے رہے ہیں کہ اتنا بڑا کارنامہ ہوگیا۔
حماد ابن مسعود نے بتایا کہ میں نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے مختصر سا جواب دیا کہ میں بس کہیں گیا تھا اور یہ سب ہوگیا!۔
پروگرام کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں کہ ایک طرف تو جے ایف-17 سے ایس400 جام ہو رہا تھا، دوسری طرف گھر میں اصل تفتیش بیگم صاحبہ کر رہی تھیں!
بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ دشمن کے ریڈار کو چکمہ دینا شاید آسان ہو، لیکن بیگم کے سوالات سے بچنا ناممکن ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


