تازہ ترین

بنگلادیش: میانمار حکام کا روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ، اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات

ڈھاکہ: میانمار حکام نے بنگلایش میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کیا اور بنگال کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں ماہ کے وسط میں مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، میانمار حکام کا یہ دورہ اسی تناظر میں کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس دورے میں میانمار حکام نے درجنوں روہنگیا مہاجرین سے بھی ملاقاتیں کیں، اور مشکل حالات کا سامنا کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

حکام کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے لیے میانمار واپسی اور شناختی کارڈ کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کے لیے بنگلادیش کا اہم اعلان

خیال رہے کہ گذشتہ روز بنگلادیش حکام نے اعلان کیا تھا کہ میانمار سے ہجرت کرکے آنے والے لاکھوں روہنگیا مہاجرین کو نومبر کے وسط سے وطن واپس بھیجے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

یاد رہے گذشتہ ماہ اقوام متحدہ نے ‫میانمارکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور اجتماعی زیادتی میں ملوث قرار دے کر میانمار کے آرمی چیف اور پانچ جنرلز سمیت اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی۔

تاہم میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکھین سے گزشتہ برس اگست کے مہینے میں ملکی فوج کے کریک ڈاؤن کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیا باشندے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔

Comments

- Advertisement -