نیویارک : ماضی قریب میں سوشل میڈیا کی دنیا پر راج کرنے والے پلیٹ فارم مائی اسپیس کے مالکان (MySpace)تقریباً 20 سال بعد ایک بار پھر واپسی کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔
اس پلیٹ فارم کی ممکنہ بحالی کی خبر نے سوشل میڈیا صارفین میں نئی دلچسپی پیدا کردی ہے تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس بار مائی اسپیس نئی نسل کو اپنی جانب راغب کر پائے گا؟۔
رپورٹ کے مطابق مائی اسپیس کے مالکان نے اگست 2026 میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 20 سال سے زیادہ عرصے کے بعد اس تاریخی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو دوبارہ ایک نئے انداز میں دوبارہ متعارف (ری لانچ) کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مائی اسپیس کی بنیاد 2003 میں ٹام اینڈرسن اور کرس ڈی وولف نے رکھی تھی۔ سال 2008تک یہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ بن چکی تھی اور اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد تقریباً 11کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
مائی اسپیس کی منفرد خصوصیات میں صارفین کے لیے اپنی مرضی سے پروفائل ڈیزائن کرنے، پروفائل پر موسیقی شامل کرنے اور پسندیدہ "ٹاپ 8 فرینڈز” کی فہرست بنانے کی سہولت شامل تھی۔ اس کے علاوہ ٹام اینڈرسن تقریباً ہر نئے صارف کے پہلے دوست کے طور پر نمایاں ہوتے تھے۔
تاہم فیس بک کے تیزی سے مقبول ہونے کے بعد مائی اسپیس کی مقبولیت میں مسلسل کمی آتی گئی اور بالآخر فیس بک کے آنے کے بعد یہ پلیٹ فارم تیزی سے زوال پذیر ہوتا گیا۔
وینڈرہوک برادران نے اپنی کمپنی اسپیسفک میڈیا کے ذریعے مائی اسپیس کو 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا، یہ کمپنی بعد میں وینٹ ٹیکنالوجی کے نام سے جانی گئی۔
مائی اسپیس کو 2013 میں بھی دوبارہ لانچ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم یہ تجربہ کامیاب نہ ہوسکا اور کمپنی کو 15 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
ماہرین کے مطابق مائی اسپیس کی نئی واپسی ایسے وقت میں ہورہی ہے جب صارفین الگورتھم پر کم انحصار کرنے والے نسبتاً چھوٹے پلیٹ فارمز کی جانب بھی متوجہ ہورہے ہیں۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مائی اسپیس کے روایتی صارفین، یعنی موجودہ ملینیئلز، اب مصروف زندگی گزارنے والے بالغ افراد ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ دوبارہ اس پلیٹ فارم کا رخ نہ کریں۔
ماہرین کے مطابق مائی اسپیس کی کامیاب واپسی کے لیے اسے ملینیئلز کو واپس لانے کے بجائے جنریشن زیڈ اور جنریشن الفا کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہوگا۔
دوسری جانب حالیہ برسوں میں نئے سوشل پلیٹ فارمز کی مقبولیت میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ مثال کے طور پر بلیو اسکائی کے روزانہ فعال صارفین میں 2024 کی تیزی کے ایک سال بعد تقریباً 40فیصد کمی ہوئی، جبکہ بی ریئل کے ماہانہ فعال صارفین بھی 2 کروڑ سے کم ہوکر تقریباً 1 کروڑ 60لاکھ رہ گئے ہیں۔


