کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر سے ملنے والی 12 سالہ بچے کے لاش کا معمہ حل کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کا کہنا ہے کہ منگھوپیر میں 12 سالہ ارباز کو قتل کرنے والے ایک بچے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم نے دوسرے بچے کا نام بھی لیا اسے بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں بچے مقتول کے دوست تھے جن کی عمریں 12 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، گرفتار ملزم سے آلہ قتل اور خون آلود کپڑے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی کے علاقے منگھوپیر سے بچے کی لاش برآمد
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ دوسرے بچے کا قتل میں کیا کردار ہے اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ منگھو پیر میں گذشتہ روز سے لاپتہ بچے کی لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی تھی، جاں بحق بچے کی شناخت ارباز کے نام سے ہوئی ہے، ارباز کی لاش بدترین تشدد کے بعد خالی پلاٹ میں پھینکی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ارباز کو سر پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا ہے، اس حوالے سے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


