پیانگ یانگ (8 نومبر 2025): امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کی جنوبی کوریا آمد پر شمالی کوریا کے وزیر دفاع نے سخت کارروائی کی دھمکی دے دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر دفاع نو کوانگ چول نے امریکا اور جنوبی کوریا کو خبردار کیا کہ اپنے دشمنوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
نو کوانگ چول کی دھمکی شمالی کوریا کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل کے تجربے کے بعد سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملکی سلامتی کو یقینی بنانے اور دفاع کرنے کیلیے دشمنوں کی دھمکیوں کے خلاف کارروائی کریں گے، شمالی کوریا کی سلامتی کو خطرہ بننے والی تمام دھمکیاں براہ راست ہدف بن جائیں گی۔
شمالی کوریا نے میزائل تجربہ تب کیا جب امریکا نے اس کے آٹھ شہریوں اور دو اداروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا جن پر سائبر جرائم سے منسلک رقم کی دھلائی کا الزام ہے۔
شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحد پر امریکی اور جنوبی کوریائی وزرائے دفاع کے دورے اور سیئول میں ہونے والی سکیورٹی بات چیت پر تبصرہ کرتے ہوئے نو کوانگ چول نے الزام لگایا کہ وہ اپنی جوہری اور روایتی ہتھیاروں کی افواج کو یکجا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکا کی دشمنی کو درست طور پر سمجھ لیا ہے کہ وہ ڈی پی آر کے کے ساتھ مقابلہ کرے گا اور ہم اس کو جواب دینے سے گریز نہیں کریں گے۔


