اسلام آباد (24 نومبر 2025): قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخابات کے تمام 206 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر حمتی و غیر سرکاری نتائج آگئے۔
تمام 206 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حمتی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان 163996 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ آزاد امیدوار شہر ناز ایوب 120220 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ آج اتوار کو سخت حفاظتی انتظامات میں صبح 9 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
5 بجے تمام پولنگ اسٹیشن کے دروازے بند کر دیے گئے اور کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جو پہلے سے اندر موجود تھے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کیلیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کی گئیں وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 7 خالی نشستوں پر گزشتہ روز اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی دونوں سطحوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو واضح برتری حاصل ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ان کے مد مقابل آزاد امیدوار ہیں۔


