اسلام آباد: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 ٹانک کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داوڑ خان کنڈی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس پر الیکشن کمیشن کو کل کیلیے جاری کیا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل افنان کنڈی عدالت پیش ہوئے اور بتایا کہ فارم 47 الیکشن کمیشن نے ہی جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق این اے 43 ٹانک کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر 17 فروری کو دوبارہ پولنگ ہونی ہے اور عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کیلیے ملتوی کر دی۔
آزاد امیدوار داوڑ کنڈی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ این اے 43 پر مولانا اسعد محمود سے الیکشن جیت چکا ہوں، فارم 47 مل گیا تھا لیکن فارم 48 کیلیے گیا تو پتا چلا کہ 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم ہے۔
داوڑ کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہمیں کوئی بھی نوٹس نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ داوڑ کنڈی 63 ہزار 556 ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسد محمود 62 ہزار 730 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔