اسلام آباد: این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے دوران دھاندلی کرنے والے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات سے فوجداری شکایات کا ڈرافٹ مانگ لیا، محکمانہ کارروائی کے لیے انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے بھی سفارشات طلب کر لیں۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ شعبہ جات کو ایک ہفتے میں سفارشات منظوری کے لیے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا، حکم میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دھاندلی میں ملوث کوئی افسر آئندہ انتخابی ڈیوٹی پر مامور نہ ہو۔
این اے 133 ویڈیو لیکس
دوسری طرف این اے 133 لاہور کے ضمنی الیکشن میں ویڈیو لیکس پر کوئی رپورٹ پیش نہیں کی جا سکی، ووٹوں کی خریداری پر مبینہ ویڈیو کی کوئی رپورٹ ریٹرننگ آفیسر کو پیش نہ کی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او نے ایف آئی اے، نادرا، پیمرا، اور پولیس سے 30 نومبر تک رپورٹ طلب کر رکھی تھی، لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
سوشل میڈیا پر حلقے میں پیسوں کے عوض ووٹوں کی خریداری کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا تھا۔