مانچسٹر : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا, یہاں پر مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لئے ایک اہم اثاثہ ہیں، بیرون ممالک میں مقیم افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔
ان کا مزید کہناتھا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہم سب کو اکٹھا ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، موجودہ حکومت معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، بیرون ملک پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستانیوں کی سرمایہ سے غیرملکیوں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان میں کمزور اور غریب کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔