تازہ ترین

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پروٹوکول واپس کر دیا

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف...

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ...

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان...

کراچی: این اے 249 ضمنی انتخاب، 29 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان

کراچی: شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے مقامی انتظامیہ نے 29 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی اور غربی نے 29 اپریل کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی وجہ سے عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملک کے کسی بھی صوبائی یا قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی انتخاب ہو تو مقامی انتظامیہ کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے، جس کے تحت اُس ضلع کے سرکاری و نجی ادارے اور تجارتی مراکز بند رہتے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ این اے 249 سے تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا منتخب ہوئے تھے جنہوں نے مسلم لیگ ن کے نائب صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی۔

ایک ماہ قبل فیصل واؤڈا نے سینیٹر منتخب ہونے سے قبل اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا، جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے حلقے میں 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا، جو جمعرات کے روز منعقد کیے جارہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیلٹ پیپز کی چھپائی اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، بیلٹ پیپرز پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار کا نام اور نشان سمیت 30 امیدواروں کے نام اور نشان بھی چھپے ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کا وقت 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب ختم ہوجائے گا جبکہ بیلٹ پیپر کی ترسیل ایک روز قبل ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں سے درخواست کی کہ  انتخابی اصولوں کی پاسداری کریں تاکہ 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کا پر امن طور سے انعقاد ہوسکے۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد  اور سیکیورٹی انتظامات

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار ہے، پولنگ کے لیے 276 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں سے 185 کو انتہائی حساس اور 91 کو حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 پولیس اہلکار  جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 8 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

ضلعی ریٹرننگ افسر ندیم حیدر نے بتایا تھا کہ ’ہر پولنگ اسٹیشنز پر 3 سے 4 رینجرز جوان بھی موجود ہوں گے جبکہ پولیس اور رینجرز امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے گشت کرے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’پولنگ کے روز حلقے میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ ایک ہزار کے قریب رینجرز کے جوان ڈیوٹی دیں گے‘۔

Comments

- Advertisement -