اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس نیب نے سیکریٹری کے ڈی اے آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیاگیا، آفتاب میمن آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی اور نیب نے سیکریٹری کےڈی اے آفتاب میمن کوگرفتارکرلیا، آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
آفتاب میمن پر سات ایکڑ سرکاری زمین ایک شخص کے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے، اراضی الاٹ کرنے سے قومی خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔
نیب اعلامیہ میں کہا گیا آفتاب میمن کوجعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں گرفتارکیاگیا، ان پراختیارات کےناجائزاستعمال اور سیکشن نائن اے فائیو کے تحت کرپشن کا الزام بھی ہے جبکہ غیرقانونی الاٹمنٹ کےالزام کی بھی تفتیش جاری ہے۔
نیب کے مطابق آفتاب احمد نے ملیرکراچی کی اسکیم کے سیکٹر 40میں 7ایکڑاراضی غیرقانونی الاٹ کی، جس سے 800 ملین روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
سیکریٹری کےڈی اے کو ریمانڈ کے لیے آج ہی احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیاجائےگا، آفتاب میمن سابق صدرآصف زرداری اورپیپلز پارٹی کےقریبی سمجھے جاتے ہیں۔
گذشتہ ماہ فروری میں منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے چیف فنانشل افسر اسلم مسعود کو سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا ، جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم نے ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے اہم معلومات رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں : جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری، فریال تالپور اور مراد علی شاہ کی نظرثانی درخواستیں خارج
واضح رہے 7 جنوری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کامعاملہ نیب کو بھجوایا تھا، فیصلے میں کہا گیاتھا کہ نیب رپورٹ کا جائزہ سپریم کورٹ کا عمل درآمد بینچ لے گا، نئےچیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے عمل درآمد بینچ تشکیل دیں۔
فیصلے کے مطابق اگر تحقیقات میں جرم بنتا ہو تو احتساب عدالت میں ریفرنس فائل کئے جائیں، نیب ریفرنس اسلام آباد نیب عدالت میں فائل کئے جائیں، چیئرمین نیب مستند ڈی جی کو ریفرنس کی تیاری اور دائر کرنے کی ذمہ داری دیں۔
خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاؤس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا۔