اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا، ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی سربراہی کریں گے، ٹیم ایف آئی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے آٹا ،چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئےمشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ، نیب راولپنڈی موجودہ اسکینڈل کی تحقیقات کرے گا۔
ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی جائےگی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ایف آئی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
تحقیقاتی ٹیم ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ کرداروں کو طلب بھی کر سکتی ہے اور ایف آئی اےرپورٹ کی روشنی میں متعلقہ کرداروں سے ریکارڈ بھی طلب کیا جائے گا۔
گذشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے گندم اور چینی اسکینڈل کی تحقیقات کی منظوری دیتے ہوئے گندم،چینی کی مبینہ اسمگلنگ اور سبسڈی کی بھی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔