اسلام آباد : ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان حسن نواز اورحسین نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، نیب نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان حسن اور حسین نواز کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا۔
احتساب عدالت نے دونوں بھائیوں کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، مذکورہ وارنٹ گرفتاری حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کے بعد جاری کیے گئے۔
دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، حسن اور حسین کے دائمی وارنٹ نیب لاہور کو موصول ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل
دوسری جانب اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی انٹر پول کی مدد سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے نیب نے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: اشتہاری قراردینے سے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے، اسحاق ڈار کا عدالت میں جواب
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔