لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 12 جولائی کو پھر طلب کرلیا، شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے 12 جولائی کو پھر طلب کرلیا، شہباز شریف کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں بھی طلب کیا گیا۔
نیب کی جانب سے شہباز شریف کو 12 جولائی کو دوپہر 2 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے شہباز شریف کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس بھی کھول دیا ہے، نیب نے شہباز شریف کو اس کیس میں بھی 12 جولائی کو طلب کیا ہے۔
مزید پڑھیں: آمدن سےزائداثاثہ جات کیس: شہبازشریف نےنیب کومطلوبہ دستاویزات جمع کرادیں
نیب ذرائع کے مطابق چوہدری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقلی کے شواہد ملے ہیں، رقم مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کی گئی۔
واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے آج نیب میں پیش ہوکر مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں۔
یاد رہے کہ شہباز شریف اور ان کے صاحب زادوں حمزہ اور سلمان کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، زیر حراست ملزم شاہد شفیق کے انکشافات پر مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم پر شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
خیال رہے شہباز شریف نیب میں پہلے بھی متعدد مرتبہ پیش ہو چکے ہیں۔