منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

نیب نے حمزہ شہباز کی ضمانت خارج کرانےکی تیاری کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : آمدن سے زائداثاثہ جات اورمبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف چارج شیٹ تیار کرلی ، نیب پراسیکیوشن ٹیم حمزہ شہبازسےہونے والی تحقیقات سےعدالت کوآگاہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی ضمانت خارج کرانےکی تیاری کرلی اور حمزہ شہباز کے خلاف چارج شیٹ تیار کرلی ہے۔

نیب پراسیکیوشن ٹیم حمزہ شہباز سے ہونے والی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کرے گی جبکہ شہبازشریف خاندان کے مبینہ فرنٹ مینوں سے تحقیقات سےآگاہ کیاجائےگا۔

- Advertisement -

نیب کی جانب سے حمزہ شہبازپرتحقیقات میں عدم تعاون کاالزام لگایاجائےگا۔

ہائی کورٹ سےضمانت حاصل کرنے کے بعد حمزہ شہباز کی نیب میں پیشوں کی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہائی کورٹ سےضمانت حاصل کرنےکےبعدنیب نے حمزہ شہبازکومتعددبارطلب کیا، نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کاگزشتہ طلبی پر شام 6 بجے تک انتظار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے پہلے بھی حمزہ شہبازنیب کی تفتیشی ٹیم سےعدم تعاون کرتےرہے، نیب ٹیم نےحمزہ شہباز سے سوالات کئےلیکن وہ مناسب جواب نہ دےسکے، مشکوک ٹرانزیکشن کےحوالےسےحمزہ شہبازسورس آف انکم نہیں بتاسکے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہبازحاصل کیےگئےگفٹ سےمتعلق بھی جواب نہیں دے سکے جبکہ انھوں نے اثاثوں،مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق ریکارڈ بھی نامکمل فراہم کیا۔

خیال رہے منی لانڈرنگ اور آمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف تحقیقات مختلف زاویوں سےجاری ہیں ، شریف خاندان پر الزام ہے کہ 1999 میں اُن کے اثاثہ جات کی مالیت پانچ کروڑ چھتیس لاکھ تھی جبکہ 2019 تک اُن میں سوا تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔

بعد ازاں حمزہ شہباز نے گرفتاری کے ڈر سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، رمضان شوگرملزاورصاف پانی کیس میں  لاہورہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں