کراچی: نیب حکام نے پہلے سے گرفتار فشریز کے سابق چئیرمین نثار کورائی کی نشاندہی پر ایم ڈی فشریز ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر میں چھاپہ مار کر اہم دستاویزات کو اپنی تحویل میں لے کر دفترکو سِیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آج نیب کراچی نے ایم ڈی فشریز کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم سرکاری کاغذات کی چھان بین کی،اس موقع پر نیب حکام نے فشریز کے افسران سے پوچھ گچھ کی اور چند غیر حاضر افسران کے بارے میں معلومات اکھٹی کیں،بعد ازاں نیب کی ٹیم سابق چئیرمین فشریز نثار کورائی سے متعلق اہم ریکارڈ اپنے ہمراہ لے گئی۔
یاد رہے نیب فشریز میں کی گئی بھرتیوں اور دیے گئے ٹھیکوں میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے،اس سلسلے میں نیب کی جانب سے آج فشریز سوسائیٹی کے دفتر میں مارا گیا چھاپہ، پہلا چھاپہ نہیں بلکہ اس سے قبل سابق چئیرمین سعید بلوچ اور اُن کے پیشرو سابق چئیرمین نثار کورائی کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
دونوں زیرِ حراست سابق چئیرمینوں سے کی گئی تحقیقات کی روشنی میں مزید چھاپوں کی توقع کی جارہی ہے۔