اسلام آباد : نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، فیصلے سے قبل جڑواں شہروں میں سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کا محفوظ کرلیا گیا تھا جو کل سنایا جائے گا، سیکیورٹی حکام نے فیصلے سے قبل جڑواں شہروں کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پلان کے تحت احتساب عدالت کے اندر اور باہر بھی رینجرز تعینات ہوگی جبکہ ایک ہزار پولیس اہلکار جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں موجود ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کمرہ عدالت میں صرف میاں نواز شریف اور وکلاء کو جانے کی اجازت ہوگی، غیر متعلقہ افراد کمرہ عدالت میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
مری، فیض آباد، اڈیالہ روڈ، پشاور روڈ پر بھی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی، سیکیورٹی کے لیے دیگر اضلاع کے اہلکار بھی معاونت کریں گے۔
مزید پڑھیں : پارلیمنٹ ہاؤس میں شریف برادران کی ون آن ون ملاقات
یاد رہے کہ نواز شریف اس سلسلے میں تشکیل پانے والی پہلی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی نا اہل ثابت ہوگئے تھے۔
سپریم کورٹ نے العزیزیہ،فلیگ شپ ریفرنسز پر فیصلے کے لئے احتساب عدالت کی آٹھویں بار ریفرنسزمیں توسیع کی استدعا منظور کرتے ہوئے 24 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی اور کہا تھا کہ احتساب عدالت دونوں ریفرنسزپر24دسمبر کو فیصلہ سنائے۔
اس دوران نواز شریف کے وکیل نے کیس چھوڑنے کی بھی کوشش کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ مقدمے کو ہر صورت انجام تک لے جایا جائے۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے جمعے کی شام العزیزیہ کیس کا فیصلہ مرتب کرنا شروع کیا تھا ۔ اس موقع پر احتساب عدالت کے عملے کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کرکے اتوار کو بھی کام جاری رہا تھا۔