لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جواب جمع کرا دیا۔
جس میں نیب نے رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی اور کہا رانا ثنااللہ نے قانونی کارروائی میں رکاوٹ کیلئےدرخواست دائر کی، ان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی 3شکایات موصول ہوئیں، ان پر بے نامی دار اورآمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔
نیب جواب میں کہا گیا مجاز اتھارٹی نے رانا ثنااللہ کیخلاف انکوائری،انویسٹی گیشن کی منظوری دی، رانا ثنااللہ کو طلبی کے نوٹس جاری کیے اور کبھی بھی ہراساں نہیں کیا گیا۔
نیب نے مزید کہا کہ نیب لاہور قانون کے مطابق راناثنااللہ کیخلاف تحقیقات کررہاہے، راناثنااللہ نے اثاثے جائز ذرائع آمدن سےبنائے توثابت کریں، آمدن سے زائداثاثوں کےکیس پردرخواست ضمانت پرسماعت16نومبرکوہوگی۔