لاہور (30 ستمبر 2025): رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ہماری بہن ہیں، انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے۔
ندیم افضل چن نے مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا خاندان 1926 سے پنجاب کی سیاست میں ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد پنجاب میں رکھی گئی لہٰذا پنجابی کارڈ نہ کھیلیں، پانی اور وسائل پر لسانی سیاست مودی کی زبان ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے پانی، بجلی، سونا اور گیس بھی سب کا ہے، غربت مٹانے میں حصہ ڈالیں یہی اصل خدمت ہے، اس وقت سیلاب متاثرین کی بحالی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں نہریں بنانے کی بات ہو تو انہیں تکلیف کیوں ہو جاتی ہے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی متحد ہے کوئی تقسیم نہیں، بار بار پوچھے گئے سوالات کے جواب نہیں ملے الٹا الزام تراشی شروع ہوگئی، وزرا کریں تو نوکری کا دباؤ سمجھ آتا ہے لیکن قیادت کرے تو زیادتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی رپورٹ میں کرشنگ سیزن کے آغاز کی نشاندہی کی گئی، یہ تو صوبوں کو توڑنے والی بات ہے، اگر حصہ ڈالنا ہے تو غربت کو مٹانے میں اپنا حصہ ڈالیں، بلوچستان کا سونا اور سندھ پورٹ ہم سب کے ہیں اور پورے پاکستان کے ہیں۔
ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ووٹ میں ہمارا بھی حصہ ہے، جواب تو دینا پڑے گا پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام کا مقدمہ لڑیں گے، کسان کی گندم کو قید نہ کریں، پیپلز پارٹی کے ساتھ آپ کا معاہدہ ہے کہ آپ الیکشن کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو بے نظیر کی تصویر پسند نہیں مگر سیلاب زدگان کی امداد تو کریں، پنجاب میں صرف دو چار بابو ہی حکومت چلا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عوامی نمائندوں کے ذریعے چلائی جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


