جمعہ, فروری 13, 2026
اشتہار

بزرگ شہریوں کو نادرا کی جانب سے کیا سہولتیں دی جا رہی ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (یکم اکتوبر 2025): بزرگ افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر کے بزرگ شہریوں کے لیے دی جانے والی سہولتوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

نادرا ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سمیت دیگر قانونی شناختی دستاویزات فراہم کرنے کا مجاز ادارہ ہے، نادرا نے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے ملک بھر کے معمر شہریوں کے لیے متعدد اہم سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

نادرا کے مطابق شناختی کارڈ سمیت دیگر دستاویزات کے لیے دفاتر آنے والے بزرگ شہریوں کو وہیل چیئر دی جاتی ہے اور انھیں ٹوکن لینے کے بعد قطار میں انتظار کے بغیر ترجیحی بنیادوں پر شناختی دستاویرات بنوانے کی اہم سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ماضی میں نادرا کی جانب سے 60 سال عمر ہونے پر شہریوں کو تاحیات میعاد کے ساتھ نیا شناختی کارڈ جاری کیا جاتا تھا تاہم اب 55 سال عمر ہونے پر انھیں تاحیات میعاد کے ساتھ نیا شناختی کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔

بزرگ شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے کہ اگر وہ بیماری کے باعث نادرا کے دفتر نہ آ سکیں تو نادرا کے نمائندے کو گھر پر بلوا کر شناختی دستاویزات بنوائے جا سکتے ہیں۔

بزرگ افراد کو نادرا سینٹر آنے اور انتظار کی زحمت سے بچانے کے لیے ادارہ ان سے یہ درخواست بھی کرتی ہے کہ وہ خود یا ان کا بیٹا یا بیٹی پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں، اور گھر بیٹھے گم شدہ کارڈ کا متبادل، شناختی  کارڈ میں ترمیم یا تجدید، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوائیں۔ اگر وہ دفتر آنا ہی چاہتے ہیں تو نادرا کی جانب سے اب پاک آئی ڈی ایپ میں یہ فیچر بھی متعارف کرا دیا گیا ہے کہ بزرگ افراد اس کے ذریعے اپوائنٹمنٹ بھی لے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ نادرا سینٹر یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر انگلیوں کے نشانات میں مسئلہ پیش آنے پر صرف چہرے کی تصویر سے شناخت کی تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

نادرا کی جانب سے بزرگ شہریوں کو یہ خوش خبری بھی سنائی گئی ہے کہ بہت جلد پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعہ بزرگ پنشنرز کو ڈیجیٹل ’’زندگی کے ثبوت‘‘ (Proof of Life) کا بھی اجرا کیا جا رہا ہے۔

ویب ڈسک
+ posts

اہم ترین

مزید خبریں