اسلام آباد (10 مارچ 2026): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے کم عمر بچوں کیلیے جاری کیے جانے والے جووینائل کارڈ میں ترمیم کے حوالے سے طریقہ کار اور ضروری دستاویزات کی تفصیلات بتا دیں۔
نادرا میگا سینٹر کے او آئی سی ملک شیراز کے مطابق جووینائل کارڈ میں نام، تاریخ پیدائش یا والد کے نام میں تبدیلی کیلیے یونین کونسل، ایم سی آئی یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ بنیادی شرط ہے۔
جووینائل کارڈ میں تبدیلیوں کیلیے ضروری دستاویزات:
- تبدیلی صرف برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ممکن ہے
- مستقل یا عارضی پتے میں تبدیلی کیلیے والدین کا ڈیٹا، بجلی کا بل، رہائشی رجسٹری یا الاٹمنٹ لیٹر بطور ثبوت پیش کرنا ہوگا
- کچھ معلومات ایسی ہوتی ہیں جو کارڈ پر درج نہیں ہوتیں (جیسے والدہ کا نام)، ان میں تبدیلی کیلیے نیا کارڈ نہیں بنانا پڑتا بلکہ بیک اینڈ ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا جاتا ہے
نادرا سینٹر پر اپلائی کرنے کا طریقہ
- درخواست گزار نادرا سینٹر پہنچ کر سب سے پہلے ٹوکن حاصل کرے گا
- ٹوکن کے بعد درخواست گزار کو متعلقہ کاؤنٹر پر بھیجا جائے گا جہاں آپریٹر دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گا، تصویر اور دستخط لیے جائیں گے
- تمام مراحل مکمل ہونے پر ایک ٹریکنگ آئی ڈی جاری کی جائے گی جس کے بعد او آئی سی سسٹم پر کیس کی منظوری دے گا
- منظوری کے بعد نارمل، ارجنٹ یا ایگزیکٹو کیٹیگری کے مطابق فیس ایزی پیسہ، جیز کیش یا راست کے ذریعے آن لائن ادا کی جا سکتی ہے
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سہولت:
ملک شہراز نے مزید بتایا کہ یہ تمام عمل نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے گھر بیٹھے بھی مکمل کیا جا سکتا ہے، اس صورت میں فیس آن لائن ادا ہوگی اور کارڈ براہ راست درخواست گزار کے گھر کے پتے پر ڈیلیور کر دیا جائے گا۔
نادرا: تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کروانے والوں کیلیے اہم خبر
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


