کراچی: افغان شہریوں کی غیرقانونی دستاویزات بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کی غیرقانونی دستاویزات بنانے میں ملوث 2 نادرا افسران سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اےکے مطابق گرفتار ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فیاض احمد، چوکیدار اور ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ریکارڈ اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ان سے مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری کرتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے دہشت گرد عناصر سے روابط کی نشاندہی ہوئی ہے جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


