اسلام آباد (6 جنوری 2026): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سندھ رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے شہریوں کی بڑی مشکل حل کر دی۔
نادرا نے حکومت سندھ کے اشتراک سے اہم اقدام اٹھایا ہے، سندھ رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلیے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت اب پاک آئی ڈی ایپ پر دستیاب ہوگئی۔
ترجمان نادرا کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کروائیں اور متعلقہ ادارے میں گاڑی ٹرانسفر کی مزید کارروائی مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: یونین کونسل میں آن لائن اندراج، نادرا کی سہولت میں مزید 2 شہر شامل
اس سے قبل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے گاڑی یا موٹرسائیکل کی ملکیت کی منتقلی کیلیے ایک مخصوص اور باقاعدہ طریقہ کار اپنایا گیا جس میں بایومیٹرک تصدیق کو لازم قرار دیا گیا۔
اس میں گاڑی یا موٹرسائیکل خریدنے یا بیچنے کیلیے مخصوص قانونی ضوابط کی پیروی کرنا لازمی قرار دیا گیا تاکہ جعلسازی اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کا مکمل طریقہ جانیے۔
- بایومیٹرک تصدیق: نادرا یا ای سہولت سینٹر سے خریدار و بیچنے والے کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی
- فروخت کا معاہدہ: اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ تیار کیا جائے گا جس پر دونوں فریق دستخط کریں گے
- سوک سینٹر کراچی میں درخواست: ایکسائز دفتر کا دورہ کر کے ٹوکن حاصل کریں اور درخواست فارم جمع کروائیں
- دستاویزات کی فراہمی: مکمل شدہ فارم کے ساتھ لازمی دستاویزات جمع کروائی جائیں گی
- فیس کی ادائیگی: منتقلی کی مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس ادا کیا جائے گا جو آن لائن یا دفتر میں جمع کروایا جا سکتا ہے
- رسید اور تصدیق: تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد باضابطہ رسید جاری کی جائے گی
- اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ کا اجرا: تصدیق کے بعد 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا
بیچنے والے کیلیے درکار دستاویزات
- اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ
- قومی شناختی کارڈ کی کاپی
- دستخط شدہ درخواست
- فروخت کا معاہدہ
- کلیئرنس سرٹیفکیٹ
- پاسپورٹ سائز تصویر
خریدار کیلیے درکار دستاویزات
- CNIC کی کاپی
- پاسپورٹ سائز تصویر
- ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ
- رہائش کا ثبوت (یوٹیلیٹی بل/کرایہ نامہ)
- گاڑی کا معائنہ سرٹیفکیٹ


