اسلام آباد (4 نومبر 2026): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے درخواست جمع کروانے کے بعد کوالٹی کنٹرول (کیو سی) مسترد ہو جانے کا آسان حل بتا دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق درخواست نادرا دفتر میں جمع کروائی ہو یا پاک آئی ڈی کے ذریعے، کسی بھی قریبی نادرا دفتر تشریف لائیں، ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد آپ کی درخواست کسی فیس کے بغیر ’ایگزیکٹو کیٹیگری‘ میں دوبارہ جمع کر لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا موبائل رجسٹریشن وین پر درخواست جمع کروانے کے بعد شناختی کارڈ کہاں سے ملے گا؟
بیان میں کہا گیا کہ اگر آپ نے پاک آئی ڈی کے ذریعے نائکوپ یا پی او سی کی درخواست جمع کروائی ہے اور کسی ایسے ملک میں ہیں جہاں نادرا سینٹر نہیں ہے تو complaints.nadra.gov.pk پر اپنی شکایت درج کروائیں، ضروری کارروائی کے بعد پاک آئی ڈی پر ’درخواستیں‘ کے سیکشن میں نئی درخواست ظاہر ہو جائے گی جس پر ’ایگزیکٹو کیٹیگری‘ میں کسی فیس کے بغیر پراسیسنگ ہوگی۔


