اتوار, فروری 15, 2026
اشتہار

شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ کارڈ کی دوبارہ حصولی : نادرا نے بڑی مشکل آسان کردی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ کارڈ کر دوبارہ حصولی کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی خدمات اب ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائز مراکز پر دستیاب ہوگئی۔

نادرا نے بتایا کہ شہری اب اپنے گھر کے قریب موجود ای سہولت فرنچائز سے قومی شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ شناختی کارڈ کے متبادل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو مرکزی دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور خدمات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی، قریبی ای سہولت فرنچائز کی معلومات کے لیے نادرا کی ویب سائٹ پر مکمل فہرست دستیاب ہے۔

دوسری جانب نادرا نے پاک-آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یونین کونسلز سے طلاق سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔

اس اقدام کے تحت شہری اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے گھر بیٹھے درخواست دے سکتے ہیں، جس سے ذاتی طور پر دفاتر جانے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔

نادرا کا کہنا تھا کہ صارفین کی رہنمائی کے لیے پاک-آئی ڈی ایپ کے ذریعے طلاق سرٹیفکیٹ کے حصول کا مرحلہ وار طریقہ کار ایک وضاحتی ویڈیو میں بھی جاری کیا گیا ہے۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ قانونی علیحدگی کے بعد متعلقہ یونین کونسل سے طلاق سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے، تاہم پاک-آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواست صرف وہی افراد دے سکتے ہیں جن کے پاس پہلے سے ثالثی کونسل یا یونین کونسل کی جانب سے جاری کردہ دستی طلاق سرٹیفکیٹ موجود ہو۔

نادرا کے مطابق یہ اقدامات عوامی سہولت اور ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں