اسلام آباد: نادرا کے سسٹم میں صارفین اپنا فون نمبر اپ ڈیٹ کرنے کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار اپناتے ہوئے باآسانی یہ عمل انجام دے سکتے ہیں۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے پاک آئڈینٹیٹی موبائل ایپلیکیشن کا تازہ ترین ورژن متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کے لیے رجسٹریشن کی خدمات کو مزید آسان بنانا ہے، نادرا کی نئی اپ ڈیٹ نے بنیادی خدمات کے لیے نادرا کے دفاتر جانے کی ضرورت کو ختم کردیا ہے۔
اپ گریڈ شدہ ایپ، پاک آئی ڈی ورژن 5.0.4، نئی خصوصیات متعارف کراتی ہے جو صارفین کو براہ راست ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے موبائل نمبرز اور ای میل ایڈریس کو اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
موبائل نمبر کیسے اپ ڈیٹ کریں
شہری اپنا موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کےلیے اپ ڈیٹ ایپ کو کھول کر، پروفائل سیٹنگز میں جاکر موبائل ایڈٹ کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔
نیا نمبر داخل کرنے کے بعد تصدیق کے لیے ایک ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) بھیجا جاتا ہے، او ٹی پی انٹر کرنے کے بعد نمبر کامیابی کے ساتھ اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے۔
اسی طرح کا طریقہ کار اپناتے ہوئے ای میل ایڈریس کو بھی اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے، ای میل اپ ڈیٹ کرنے کےلیے مذکورہ طریقہ لاگو ہوگا۔
موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کے فوائد
ایک فعال موبائل نمبر کو اپنے نادرا پروفائل سے جوڑ کر شہری اپنے سی این آئی سی، فیملی رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ خدمات کے بارے میں فوری اطلاعات حاصل کر سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



