اسلام آباد (6 مارچ 2026): نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے یونین کونسل میں طلاق کے اندراج کا آسان طریقہ بتایا ہے کیونکہ بروقت اندراج اور اس کے بعد نادرا میں ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کروانا قانوناً لازم ہے۔
طلاق کی رجسٹریشن یا سرٹیفکیٹ بنوانے کیلیے ان دستاویزات کا ہونا ضروری ہے؛ خلع کی صورت میں عدالت سے جاری کردہ خلع کی ڈگری، طلاق کی صورت میں شوہر کی جانب سے طلاق نامہ اور درخواست گزار کے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی۔
اندراج کا طریقہ کار
رجسٹریشن کے عمل کیلیے فریقین میں سے کوئی ایک یا دونوں یونین کونسل کے دفتر تشریف لائیں اور اندراج کی درخواست دیں، عملہ فراہم کردہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں متعلقہ رجسٹر میں درج کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کروانے والوں کیلیے اہم خبر
قانون کے مطابق یونین کونسل فریقین کے درمیان صلح کی کوششوں کیلیے درج ذیل اقدامات اٹھاتی ہے:
- دستاویزات کی درستی پر ایک ہفتے کے اندر پہلا مصالحتی نوٹس جاری کیا جاتا ہے جس پر فریقین کو پیش ہو کر بیانات ریکارڈ کروانے ہوتے ہیں
- صلح کیلیے مجموعی طور پر 90 دن کا وقت دیا جاتا ہے، اس دوران ایک ماہ بعد دوسرا اور دو ماہ بعد تیسرا مصالحتی نوٹس جاری کیا جاتا ہے
- اگر 90 دن گزرنے کے باوجود صلح کی کوششیں کامیاب نہ ہوں تو طلاق کو ایسٹابلشڈ تصور کر لیا جاتا ہے
سرٹیفکیٹ کا حصول
طے شدہ مدت مکمل ہونے پر یونین کونسل کا عملہ کمپیوٹر سسٹم میں طلاق کا اندراج کرتا ہے اور درخواست گزار کو پروف ریڈنگ کیلیے پرنٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ تفصیلات کی تصدیق کے بعد عملہ محکمانہ کارروائی مکمل کر کے ڈویورس رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیتا ہے جس کی ایک ایک کاپی دونوں فریقین کو دی جاتی ہے۔
ناڈرا نے شہریوں کی سہولت کیلیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی یونین کونسل میں طلاق کے اندراج کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
یونین کونسل سے سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد نادرا کے ڈیٹا بیس میں اپنی ازدواجی حیثیت کو تبدیل کروانا متعلقہ افراد کی قانونی ذمہ داری ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


