اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو رجسٹریشن اور شناختی خدمات کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئی ٹیبلٹ ڈیوائس کا استعمال شروع کردیا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق یہ جدید ٹیبلٹس پاکستان میں تیار کروائے گئے ہیں اور وقت کے ساتھ ان کے استعمال کا دائرہ بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
ڈیوائس میں پاک آئی ڈی سافٹ ویئر موجود ہے، جس کے ذریعے نادرا کا متعلقہ افسر مختلف علاقوں میں جا کر شہریوں کی رجسٹریشن سے متعلق خدمات انجام دے سکتا ہے۔
جدید ٹیبلٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے شہری کے فنگر پرنٹس، تصویر اور آئرس کیپچر کیے جا سکتے ہیں، جس سے بائیومیٹرک معلومات کے حصول اور شناختی عمل کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق نادرا کا ایک افسر یہ ٹیبلٹ لے کر مختلف علاقوں میں رجسٹریشن کی سرگرمیاں انجام دے سکتا ہے۔
خاص طور پر ایسی یونین کونسلز جہاں شہریوں کا رش زیادہ ہو یا کسی علاقے میں شناختی خدمات کے حصول کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہو، وہاں یہ موبائل سہولت فوری طور پر منتقل کی جا سکتی ہے۔
نادرا کے مطابق اگر کسی یونین کونسل میں شہریوں کا غیر معمولی رش سامنے آئے تو جدید ٹیبلٹ سے لیس افسر کو وہاں بھیجا جا سکتا ہے، جس سے شہریوں کو رجسٹریشن کے لیے طویل انتظار اور دور دراز مراکز کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
اس نظام کا بنیادی مقصد نادرا کی خدمات کو روایتی مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں تک منتقل کرنا اور شہریوں کو زیادہ سہل انداز میں شناختی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی اور پاک آئی ڈی سافٹ ویئر سے لیس یہ ٹیبلٹس ڈیوائسز اسی موبائل اور شہری مرکزیت پر مبنی سروس ڈلیوری نظام کا حصہ ہیں۔
بچوں کا پہلی بار جووینائل کارڈ بنوانا چاہتے ہیں تو یہ باتیں یاد رکھیں


