اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو نے متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، کلبھوشن یادیو کا کیس دہشت گردی کا کیس ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کلبھوشن یادیو کا کیس دہشت گردی کا کیس ہے جس نے متعدد افراد کو قتل اور زخمی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کلبھوشن یادیو کے کیس کو انسانی ہمدردی کا کیس بنانا چاہتا ہے۔
میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ ایک سال کے دوران 700 سے زائد بار فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ پاکستان نے بارہا شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ ہماری مسلح افواج بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اور امریکا کے درمیان ہتھیاروں کی خرید و فروخت خطے کو غیر مستحکم کر رہی ہے۔ بھارت علاقائی امن کے لیے سنجیدہ نہیں۔
نفیس زکریا نے کہا کہ ترکی، ایران اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے تسلیم کیا کہ بلیم گیم سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔