تازہ ترین

ناخن: کوروناوائرس کی نئی علامت کا انکشاف

برطانیہ کے معروف سائنس دان پروفیسر ٹم اسپیکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ ناخنوں پر ابھرنے والی لکیریں یا عجیب وغریب نشانات کورونا کی نشانی ہوسکتی ہے۔

کنگز کالج لندن کے پروفیسر ٹم اسپیکٹر کا دعویٰ ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر افراد میں صحتیابی کے بعد چند ماہ کے اندر ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں پر افقی لکیریں ابھر سکتی ہیں۔ مذکورہ برطانوی سائنس دان دنیا کی سب سے بڑی کورونا علامات پر ہونے والی تحقیق کی سربراہی کررہے ہیں۔

ٹیم اسپیکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد افراد سے کووڈ نیلز کی رپورٹس زوئی کووڈ سیمپٹم اسٹڈی ایپ میں موصول ہوئی ہیں، اس ٹریکر ایپ کو دنیا بھر میں چالیس لاکھ سے زائد لوگ استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ناخوں پر یہ نشان غیرمعمولی نہیں ہیں کیوں کہ دیگر بیماریوں کی وجہ سے بھی اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ناخنوں پر نشان ایک درخت کی طرح کسی ایونٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔

طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ کسی بیماری کے خلاف جنگ کے دوران پیدا ہونے والا تناؤ ناخنوں پر اس طرح کی لکیروں کا باعث بنتا ہے۔ ایک اور برطانوی ماہر کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کورونا مریضوں کے ناخنوں میں افقی لکیروں کو دیکھا ہے۔ یہ نشانات انگلیوں کے تمام ناخنوں یا پیروں کے ناخنوں پر بھی نمودار ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ کورونا سے صحت یابی کے بعد کی علامت ہے جو کئی مہینوں بعد دیکھنے میں آتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اگست 2020 میں ماہرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ناخنوں پر سرخ اور چاند کی جیسی لکیریں بھی کورونا وائرس کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔

Comments

- Advertisement -