راولپنڈی (17 اگست 2026): پیرودھائی میں نالہ لئی کے پل پر لگے ایمرجنسی الارم خراب ہو گئے ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقے کے مکینوں کو نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے کا علم نہ ہو سکا۔
شدید بارش کے باعث پیرودھائی میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے، محلہ صفدر آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے قیمتی سامان خراب ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم نے ایک مقام پر گھر میں محصور 4 افراد کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں کٹیاریاں، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو کر 20 فٹ ہو گئی ہے۔
ادھر راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، رین ایمرجنسی نافذ
موسلادھار بارش کے باعث واسا راولپنڈی ہائی الرٹ پر ہے، اور رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ رواں مون سون سیزن کا یہ سب سے ہیوی اسپیل ہے، مجموعی طور پر 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے، مری روڈ ڈھوگ کھبا، جامع مسجد روڈ صادق آباد کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں، جب کہ واسا کی ہیوی مشینری اور عملہ نکاسئ آب کے آپریشن میں مصروف ہے، ایسے میں جاوید کالونی، ندیم کالونی اور مسلم کالونی کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔


