راولپنڈی (09 نومبر 2025): نان بائی ایسوسی ایشن نے شٹر ڈاؤن ہڑتال مؤخر کر دی، شہر بھر میں تندور 4 روز تک بند رہنے کے بعد آج کھل گئے۔
راولپنڈی نان بائی ایسوسی ایشن نے گزشتہ چار روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، چار روز سے شہر میں تندور بند شٹر ڈاؤن جاری تھا۔
نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا دائرہ اب پورے صوبے تک وسیع کیا جائے گا، اور پنجاب بھر میں شٹر ڈاؤن کی کال جلد دی جائے گی، تنظیم کا مؤقف ہے کہ مہنگے آٹے کی سستی روٹی بیچنا ناممکن ہے، انتظامیہ زبردستی 14 روپے روٹی بیچنے پر مجبور کر رہی ہے۔
راولپنڈی میں انتظامیہ کی جانب سے 70 فی صد سے زائد تندور سیل کیے گئے، اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے، متعدد نان بائیوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ہڑتال مؤخر کرنے کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں مکمل ہڑتال کے حوالے سے کل اجلاس طلب کر لیا ہے، صدر نان بائی ایسوس ایشن شفیق قریشی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے زبردستی تندور کھلوانے اور انتقامی کاروائیاں کی گئیں۔


