واشنگٹن: امریکی حکومت کا صدر ٹرمپ سے اعتبار اٹھنے لگا ہے، اسپیکر نینسی پلوسی نے فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ نیوکلیئر کوڈز کو صدر ٹرمپ سے محفوظ کیا جائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی بیمار قرار دے دیا، انھوں نے امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے رابطہ کر کے نیوکلیئر کوڈز کو صدر ٹرمپ سے محفوظ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
نینسی پلوسی نے فوج سے کہا ہے کہ ٹرمپ کے پاس جوہری حملے کے اختیار اور خفیہ لانچنگ کوڈز موجود ہیں، ٹرمپ کو نیوکلیئر حملے سے باز رکھنے کے لیے ان کوڈز کو محفوظ کیا جائے۔
انھوں نے کہا ذہنی طور پر بیمار ٹرمپ اور بھی خطرناک ہو سکتے ہیں، امریکیوں کو محفوظ کرنے کے لیے اب تمام اقدامات کرنا ہوں گے۔
کیا ٹرمپ کو قبل از وقت اقتدار سے بے دخل کر دیا جائے گا؟
ادھر امریکی میڈیا کے قابل اعتماد ذرائع نے خبر دی ہے کہ امریکی انتظامیہ کے چند کابینہ ممبران اور ری پبلکن رہنماؤں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار سے قبل از وقت ہٹانے کے لیے 25 ویں ترمیم کو نافذ کرنے کے تناظر میں تبادلہ خیال کرنا شروع کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے کانگریس ارکان کی مشاورت بھی جاری ہے اور متعدد ری پبلکن ارکان صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے رضا مند ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے نو منتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع کیپٹل ہل پر جس طرح کا تشدد دیکھنے کو ملا اس نے امریکا ہی نہیں پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اس کی وجہ سے ٹرمپ کے خلاف غصہ بڑھ رہا ہے۔