کراچی : نقیب محسود قتل کیس میں مقتول کے صاحبزادے نے راؤ انوار کی بریت کے خلاف اپیلوں پر چچا کی حمایت میں بیان حلفی جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نقیب محسود قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت ہوئی ، مقتول کے کمسن بیٹے عاطف نے سندھ ہائیکورٹ میں بیان حلفی جمع کرادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں اپنے چچا کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں پر کوئی اعتراض نہیں۔
بیان حلفی میں عاطف نے مؤقف اختیار کیا کہ میں کم عمر تھامیری والدہ معاشرتی روایت کےباعث کورٹ میں پیش نہیں ہوئیں ، اسی وجہ سے دادا کے انتقال کے بعد ان کے چچا نے اپیلیں دائر کیں۔
دوران سماعت سابق ایس ایس پی ملیر کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ اپیلیں مقتول کے بھائی کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو بری کردیا تھا، جس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی جبکہ عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔


