کراچی : نقیب اللہ محسود کے والد نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو سب جیل میں قید رکھے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود کے والد نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ راؤ انوار کو گھر میں سب جیل بنا کر رکھنا غیرقانونی ہے۔
محمد خان محسود نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ راؤ انوار کو سب جیل میں رکھے جانے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں جیل منتقل کیا جائے گا۔
بعدازاں عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نقیب اللہ کے والد نے کہا کہ وہ نہ نقیب کو بھول سکتے ہیں اور نہ اس کے خون کا سودا کرسکتے ہیں۔
نقیب اللہ کے والد محمد خان محسود نے کہا کہ اگر راؤ انوار طاقت ور ہے تو میں بھی محنت کش ہوں۔
اس موقع پر گرینڈ جرگہ کے رہنما سیف الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی ہے، درخواست میں راؤ انوار کا گھر سب جیل بنانے کو چیلنج کیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ محسود کے والد کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے راؤ انوار کو سب جیل منتقل کرنے سے متعلق اعتراضات اور انہیں بی کلاس کی فراہمی سے متعلق درخواستوں پرسماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 6 جون تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔