اسلام آباد : بھارتی وزیراعظم کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بیان پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نریندر مودی کا بیان افسوسناک اور غیرذمہ دارانہ ہے، خطے میں قیام امن کیلئے مذاکرات سے مسائل کا حل ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے نیوکلیئر بم کے استعمال سے متعلق بیان پر پاکستان نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم کا بیان کو افسوسناک اور غیرذمہ دارانہ قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے سیاسی مقاصد حاصل کرنےکیلئے ایسے بیانات سے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام آئے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نریندر مودی کی جانب سے جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایسے بیانات انتہائی غیرذمہ دارانہ ہیں، خطے کے استحکام کیلئے بات چیت کے ذریعےمسائل کا حل ضروری ہے، خطے میں قیام امن کیلئے مذاکرات کے ذریعے ہی اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے الیکشن مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے تو ہمارے پاس بھی ہے، ہمارے ایٹمی ہتھیار دیوالی پر چلانے کیلئے نہیں ہیں، بھارت نے اب پاکستان کی دھمکیوں سے ڈرنا چھوڑنا دیا ہے۔