نیویارک: ناسا کے کامیاب ترین خلائی جہاز کیسینی کو 13 برس بعد سیارہ زحل سے ٹکرا کر تباہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناسا کی جانب سے زحل کے گرد 13 برس سے گھومنے اور تصاویر اور ویڈیو بھیجنے والے کامیاب ترین خلائی جہاز کیسینی کو زحل کے مدار میں داخل کردیا گیا جہاں وہ زحل سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
سائنس دانوں کے مطابق کیسینی کا مشن پورا ہوچکا تھا، اس کا ایندھن ختم ہوچکا تھا جس کے بعد وہ ادھر ادھر بھٹکنے لگتا اس لیے اس جہاز کا تباہ ہونا بہتر تھا چنانچہ اسے زحل کے مدار میں داخل کردیا گیا۔
ناسا کے مطابق اس مشن پر چار ارب ڈالر کی لاگت آئی اور تیرہ برس کاعرصہ لگا، جہاز کا رخ زحل کی طرف کردیا گیا جہاں اس کی رفتار ایک لاکھ 20 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تھی بعدازاں متوقع وقت پر جہاز کے سگنل آنا بند ہوگئے جس سے سائنس دانوں کو یقین ہوگیا کہ جہاز زحل سیارہ سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ کیسینی نے زحل سے متعلق سائنس دانوں کو قیمتی معلومات فراہم کیں، اس نے زحل کے عظیم طوفانوں، زحل کے کئی چاند سے متعلق معلومات دیں۔
اپریل میں یہ فیصلہ کرلیا گیا تھا کہ کیسینی کا ایندھن کم رہ گیا ہے اس لیے اسے تباہ کردیا جائے چنانچہ اس فیصلے پر اب عمل درآمد ہوگیا۔