لوئر (11 نومبر 2025): پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ کے مقدمہ میں پانچ افراد گرفتار کر لیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لوئر دیر میں واقعہ گھر پر گزشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
پولیس نے نسیم شاہ کے والد کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا تھا اور آج پانچ افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے، جس پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، تاہم حجرے کا مرکزی دروازہ، کھڑکیاں اور گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔
ڈی پی او نے گزشتہ روز نسیم شاہ کے والد سے ملاقات کر کے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پیسر کے والد نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازع نہیں ہے۔
دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کہا تھا کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی نہیں بلکہ ممکنہ طور پر اراضی کا تنازع یا علاقائی عناد کا نتیجہ ہے۔


