معروف بھارتی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ میں اپنی اداکاری سے قہقہے بکھیرنے والے پاکستانی اداکار نسیم وکی نے شو میں اپنی تنخواہ کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ کامیڈین نسیم وکی کے مطابق ’دی کپل شرما شو‘ کی ایک قسط میں پرفارم کرنے کے لیے انھیں بھارتی روپے میں 4 سے 5 لاکھ روپے کا معاوضہ ملتا تھا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں نسیم وکی نے میزبان کے پوچھنے پر کپل شرما شو میں اپنے معاوضے کے حوالے سے بتایا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی پروگرام کی ایک قسط کے لیے وہ 5 لاکھ بھارتی روپے کے قریب معاوضہ لیتے تھے جو کہ 15 سے 20 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہیں۔
پاکستانی کامیڈین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب کپل کے پروگرام میں پرفارم کیا تھا تب ان کے ایک شو کا معاوضہ آج کے معاوضوں سے دُگنا تھا۔
نسیم نے بتایا کہ بھارت کے اس معروف کامیڈی پروگرام کا اسکرپٹ لکھنے کے لیے 7 سے 8 لکھاری ہوتے ہیں جو اسکرپٹ تحریرکرتے ہیں پھر ایک دن ریہرسلز اور ایک دن ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔
کامیڈین سے جب کپل شرما کے معاوضہ کے حوالے سے پوچھا گیا تو نسیم نے دلچسپ انداز میں کہا کہ کپل کے معاوضے کو جاننے کیلئے آپ کا کیلکوکیٹر خراب ہوجائے گا۔ وہ ایک شو کا معاوضہ ایک کروڑ کے قریب لیتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


