کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل میں وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ اصلاحات کے لیے ہر مثبت تجویز پر بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے بہتر حکمرانی اور مؤثر نظام کیلئے اصلاحات کی ضرورت والی بات پر اتفاق ہے تاہم انتظامی اصلاحات اور صوبوں کی تشکیل نو دو بالکل مختلف معاملات ہیں۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ صوبے محض انتظامی یونٹ نہیں بلکہ ان کی اپنی تاریخ، شناخت، ثقافت، زبان اور جغرافیہ ہے، صوبوں کی حدود یا حیثیت میں تبدیلی کو صرف انتظامی ضرورت قرار نہیں دیا جاسکتا۔
اختیارات عوام کے قریب لانا مقصد ہے تو یہ کام موجودہ آئینی ڈھانچے میں بھی ممکن ہے، نئے اضلاع، ڈویژنز، تحصیلیں بنا کر بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔
بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جاسکتے ہیں، سندھ کے عوام اپنی سرزمین، تاریخ اور شناخت کے بارے میں متفقہ رائے دے چکے ہیں۔
ناصرشاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کا سوال محض انتظامی تجویز نہیں، عوام کے جذبات اور تاریخ سے جڑا ہے، اصلاحات کے لیے ہر مثبت تجویز پر بات کرنے کو تیار ہیں۔
ہمیں تھریڈز پر فالو کریں https://www.threads.com/@arynewstv
وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، عوام کی رائے کے احترام کی بات ہے تو سندھ کے عوام کی رائے کا بھی احترام ہونا چاہیے۔
صوبوں کو کمزور کرنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوگا، پاکستان مضبوط وفاق، صوبائی ہم آہنگی اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم سے مضبوط ہوگا۔
پاکستان کی سالمیت، مضبوطی اور استحکام ہمارے لیے سب سے اہم ہے، محسن نقوی قابل احترام ہیں، ان سے درخواست ہے معاملے کی حساسیت کو سمجھیں۔
واضح رہے کہ قومی پالیسی مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی نے صوبہ اسلام آباد کی بات کی ہے، میں صوبہ اسلام آباد کا سب سے بڑا حامی ہوں، نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کو کوئی فرد یا نمائندے نہیں روک سکتے۔


