اسلام آباد : امریکی ناظم الامورنیٹلی بیکر فٹبالر بھی نکلیں، اںھوں نے پینلٹی کِک چیلنج میں خوبصورت کک لگا کر سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تعاون سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں سفارتی، سیاسی اور کھیلوں کی دنیا سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی خاص بات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی فٹبال کے میدان میں مہارت تھی، جو بہترین فٹبالر بھی نکلیں۔ انہوں نے تقریب کے دوران پینلٹی کِک چیلنج میں حصہ لیا اور ایک خوبصورت کِک لگا کر وہاں موجود تمام شرکاء کو حیران کر دیا۔
تقریب میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ شرکاء میں وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا کی خوبصورتی اور ثقافت دنیا کے سامنے پیش کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل قوموں کو قریب لانے اور مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
نٹالی بیکر کا کہنا تھا کہ امریکا 2026 سے 2034 تک متعدد بڑے عالمی کھیلوں کی میزبانی کرے گا، جبکہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ 48 ٹیموں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ورلڈ کپ ہوگا اور لاکھوں شائقین اسے دیکھنے شمالی امریکا جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ورلڈ کپ لانچ ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، جبکہ سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹبالز عالمی معیار کی عکاس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کررہی ہیں اور امریکا پاکستان کے ساتھ کھیلوں اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی، تاہم ملک بھر میں فٹبال کے عالمی میلے کیلئے غیرمعمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
تقریب میں سیالکوٹ میں تیار کردہ بڑے فٹبال کی خصوصی رونمائی بھی کی گئی، جبکہ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی دو کھلاڑیوں کو ایک مشروب ساز کمپنی کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے پینلٹی کِک چیلنج میں بھرپور حصہ لیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


